ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل اتی کرم داروں کا فاریسٹ دفتر میں احتجاج : گھروں کی مرمت اور توسیع کے لئے منظوری دینے کا مطالبہ

بھٹکل اتی کرم داروں کا فاریسٹ دفتر میں احتجاج : گھروں کی مرمت اور توسیع کے لئے منظوری دینے کا مطالبہ

Mon, 06 Jan 2020 20:50:27    S.O. News Service

بھٹکل:6؍ جنوری (ایس اؤ نیوز)تعلقہ کے اتی کرم فاریسٹ علاقوں میں پچھلے کئی دہوں سے رہائش پذیر عوام کو گھر کی درستی ، مرمت اور اپنی محدود زمین پر گھر کی توسیع کے لئے موقع فراہم کرنے کا مطالبہ لے کر ارینیا اتی کرم دارر ضلع ارینیا بھومی حقو ہوراٹ گاررویدیکے کے صدر اے رویندر نائک کی قیادت میں پیر کو محکمہ فاریسٹ کے دفتر پر احتجاج کیاگیا ۔

تعلقہ فاریسٹ اتی کرم دار نئے اتی کرم کی مانگ نہیں کررہے ہیں، جن گھروں میں وہ پچھلے کئی برسوں سے رہ رہے ہیں، ان کی درستی  یا گھر گرنے کی صورت میں متصل گھر تعمیر کرتے ہیں تو فاریسٹ افسران غنڈہ رویہ اختیار کرتے ہوئے روک دیتے ہیں۔ گھر میں گھس کر جسمانی حملہ کرتے ہیں ، علاقے کی ارینیا کمیٹی کو بھی اطلاع نہیں دیتے  اور اتی کرم داروں کے خلاف سنگین معاملات درج کرنے کی دھمکی دیتے ہیں، جس  کی وجہ سے ہم خوف میں مبتلا ہیں۔ اتی کرم زمین کی منظوری کے لئے عرضی سونپ کر ، جی پی ایس ہونے کے بعد عرضی پر کارروائی کرنے سے قبل متعلقہ اتی کرم فاریسٹ علاقہ اور وہاں موجود گھروں میں قدم رکھنا بھی غیر قانونی ہے ۔ اس تعلق سے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کی طرف سے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ اس تعلق سے افسران وضاحت کریں۔ گھر درستی کی اجازت نہیں ہے تو سب کے سامنے اعلان کرنے پر زور دیتےہوئے احتجاجیوں نے اپنی برہمی کا اظہار کیا۔

اس سلسلے میں وضاحت کرتے ہوئے ڈی ایف اؤ گنپتی نے کہاکہ فاریسٹ افسران غنڈہ رویہ اپنانے کا الزام صحیح نہیں ہے۔ہر طریقے سے جانچ پڑتال کرنےکے بعد قانونی حدود میں ضروری تعاون مہیا کرنے کا تیقن دیا۔ اس پر اعتراض جتاتے ہوئے اتی کرم داروں نے کہاکہ ارینیا سمیتی کی منظوری کے بعد ہی فاریسٹ زمین کی منظوری کے لئے عرضی دی گئی ہے، اب نئے طورپر پھر ایک بار تفتیش کرنے سے مزید دیری ہوگی ، گرے ہوئے گھر کی درستی کئےبنا تب تک ہم کہاں رہیں ؟ کہتے ہوئے سوال جڑ دیا۔ اس کے بعد ڈی ایف اؤ نے کہاکہ بھٹکل میں اتی کرم داروں کے ایک ہی جیسے مسائل نہیں ہیں، یہاں بیٹھ کر منظوری دینا ممکن ہی نہیں ہونے کی با ت کہتے ہوئے بتایا کہ گھر درستی اور ضروری توسیع کرنے والوں کی طرف سے 25جنوری تک ضروری دستاویزات کے ساتھ عرضی لیں گے ۔ 31جنوری تک جگہوں کی تفتیش کرنے کے بعد ضروری اقدام کریں گے۔ اس دوران اتی کرم داروں نے اگر ایسا نہیں ہواتو یکم فروری کو دوبارہ فاریسٹ دفتر کا گھیراؤ کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے اپنا احتجاج ختم کیا۔ اے سی ایف سدرشن موجود تھے۔ مقامی لیڈران عنایت اللہ شاہ بندری ، سید علی، پانڈو نائک، دیوراج، رضوان وغیرہ نے اتی کرم داروں کی طرف سے بات رکھی۔


Share: